ہونڈا اٹلس کارز پاکستان نے اپنی سات نشستوں والی گاڑی ہونڈا بی آر وی کی پاکستان میں فروخت بند کردی ہے۔ گاڑی بڑے خاندانوں کیلئے کشادہ اور سات نشستوں کی سہولت کے باعث صارفین میں مقبول رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہونڈا بی آر وی کو اب ہونڈا پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود گاڑیوں کی فہرست سے بھی مکمل طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کردی گئی ہے کہ ہونڈا بی آر وی اب پاکستان میں صارفین کیلئے دستیاب نہیں۔ اس طرح گاڑی کی فروخت بند ہونے سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات کی کمپنی نے خود بھی تصدیق کردی ہے۔
فروخت بند کرنے کی وجہ کیا ہے؟
ہونڈا بی آر وی کی فروخت بند کرنے کے فیصلے کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں کی گئی۔ کمپنی کی جانب سے نہ تو گاڑی کی فروخت روکنے کی وجہ بتائی گئی ہے اور نہ ہی اس کے ممکنہ متبادل کے حوالے سے کوئی اعلان سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائیکورٹ کا جامعات میں انتظامی عہدوں پر اساتذہ کی تعیناتی سے متعلق اہم فیصلہ
یہ سوال بھی برقرار ہے کہ کیا ہونڈا پاکستان مستقبل میں سات نشستوں والی کوئی نئی گاڑی متعارف کرائے گی یا نہیں۔ تاہم فی الحال کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
بی آر وی خریدنے کے خواہشمند صارفین کیلئے کیا ہوگا؟
وہ صارفین جو ہونڈا بی آر وی خریدنے کا ارادہ رکھتے تھے، اب انہیں دیگر دستیاب آپشنز پر غور کرنا ہوگا۔
دوسری جانب جن صارفین کے پاس پہلے سے ہونڈا بی آر وی موجود ہے، ان کیلئے گاڑی کی فروخت بند ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ اپنی گاڑی سڑک پر استعمال نہیں کرسکیں گے۔
تاہم مستقبل میں گاڑی کے پرزوں، سروس اور دیگر سہولیات سے متعلق کمپنی کی پالیسی پر نظر رکھنا ضروری ہوگا۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہونڈا کے قریبی ڈیلر یا کمپنی کے آفیشل ذرائع سے تازہ ترین معلومات حاصل کرتے رہیں تاکہ گاڑی کی سروس، اسپیئر پارٹس اور دیگر سہولیات کے حوالے سے کسی بھی نئی پالیسی سے بروقت آگاہ رہ سکیں۔





