پشاور: پشاور سمیت موٹروے کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے، جس کے بعد موٹروے ایم ون کو پشاور سے رشکئی تک عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے جو ٹریفک کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت پیش نظر رکھتے ہوئے موٹروے کے متعدد انٹرچینجز پر ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو انتہائی احتیاط برتیں۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر مسافروں کو درج ذیل ہدایات دی گئی ہیں:
گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس لازمی جلائیں
اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں
اچانک بریک لگانے سے گریز کریں
سڑک کے کنارے موجود کیٹ آئیز اور لائنز کو فالو کریں
موبائل فون پر مسلسل لوکیشن یا نقشے کے استعمال سے گریز کریں
سفر سے پہلے موسم اور ٹریفک کی صورتحال چیک کرلیں
ترجمان کے مطابق جیسے ہی حد نگاہ معمول کے مطابق بہتر ہو گی، موٹروے ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے والے قانون کے شکنجے میں آئیں گے، فیصل واوڈا
مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر سے پہلے موٹروے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرکے صورتحال کی تازہ ترین معلومات حاصل کریں، جبکہ دورانِ سفر کسی بھی ہنگامی صورت میں بھی اسی ہیلپ لائن سے مدد لی جا سکتی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ شہری موٹروے پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی جان و مال کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔





