اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن دونوں فریقوں کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے اور اس عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کر دی ہے۔
اسپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو برا بھلا کہنے اور الزام تراشی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ آپس میں بیٹھ کر بات چیت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو خط لکھا ہے اور حکومت سے بھی گزارش کریں گے تاکہ معاملات بہتر طریقے سے طے پا سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پہلے بھی کچھ اقدامات کیے گئے تھے، لیکن انہیں مناسب ردعمل نہیں ملا، اس لیے دونوں فریق سوچیں اور فیصلہ کریں کہ آگے کیا کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تیار ہو جائیں لمبی چھٹیوں کے لیے، دسمبر میں 4 دن کی موجیں
اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر کہا کہ یہ عدالت میں زیر التوا ہے اور عدالتی آرڈر آنے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ پارٹی کی قیادت کو مکمل احساس ہے اور موجودہ حالات میں وہ وہی اقدامات کریں گے جو پارٹی کے بانی اور دیگر قیدیوں کی رہائی ممکن بنا سکیں۔





