مردان: مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں کھیل کود کے دوران زہریلے بیج کھانے سے دو کمسن بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔
جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت آنابیہ (6 سال) اور معافارا (4 سال) کے نام سے ہوئی، جو ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔
ذرائع کے مطابق زہریلے بیج کے اثرات تقریباً 24 گھنٹے بعد ظاہر ہوئے۔ آنابیہ کو پشاور منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں، جبکہ معافارا مردان میڈیکل کمپلیکس میں دم توڑ گئی۔
اہل علاقہ نے بچیوں کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ نماز نازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے والدین اور علاقے کے دیگر بچوں کو زہریلے مواد کے خطرات سے آگاہ کرنے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خبردار! کولڈ ڈرنکس پینے والوں کے لیے خطرناک حقیقت سامنے آ گئی
پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ بیج کس طرح سے بچوں تک پہنچے اور حفاظتی اقدامات میں کمی کہاں ہوئی۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ زہریلے بیج یا دیگر کیمیائی مواد کے بے احتیاطانہ استعمال سے بچوں کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہوتا ہے اور والدین کو اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھنی چاہیے۔





