بنوں میں شیخ لنڈک پولیس چوکی کو نامعلوم دہشتگردوں نے کوآڈ کاپٹر سے نشانہ بنایا۔
اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں نے ڈرون سے بم گرایا جو زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا، پولیس کے مطابق شیخ لنڈک پولیس چوکی پر حملے کے نتیجے مین کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا پولیس کو جدید سازو سامان فراہم ،ڈرون بھی شامل
واضح رہے کہ گزشتہ رات بنوں میں رات گئے تھانہ ہوید کی حدود میں قائم چوکی شیخ لنڈک پر دہشتگردوں نے بزدلانہ حملہ کیا جسے پولیس اہلکاروں نے جرأت، بہادری اور بروقت ردِعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
پولیس کی مؤثر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ کئی دہشتگردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی بھی غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
جوابی کارروائی کے دوران پانچ پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی خصوصی ہدایت پر ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی اضافی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔





