پشاور: خیبر پختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں آج (ہفتہ) سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور عوام سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور دیگر بالائی اضلاع میں 13 سے 15 دسمبر تک بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ اور صوابی میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث ناران، کاغان اور دیگر بالائی علاقوں میں سڑکوں پر شدید پھسلن کا خدشہ ہے، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ شدید بارش اور برفباری کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہو سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ عوام ضروریات کے علاوہ سفر سے گریز کریں، اگر سفر ناگزیر ہو تو گاڑی کی رفتار کم رکھیں، فاصلے کا خیال رکھیں اور دن کے وقت سفر کو ترجیح دیں۔
یہ بھی پڑھیں : یہ دوا اب نہ کھائیں،ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کیلئے بڑی وارننگ
متعلقہ محکمہ موسمیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کے دوران برقی اور مواصلاتی نظام متاثر ہو سکتا ہے، اس لیے عوام اور سیاح اپنے سفر اور سرگرمیوں میں محتاط رہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ سے بھی کہا ہے کہ سڑکوں پر رکاوٹوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کی بروقت نگرانی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر حفاظتی اقدامات فوری طور پر نافذ کیے جائیں۔





