خیبر پولیس کی کامیاب کارروائی: لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

خیبر باڑہ پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کیں اور ایک سمگلر کو گرفتار کر لیا۔

 پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی ہدایت پر برقمبر خیل کے علاقے میں ایک مشکوک ٹریکٹر لوڈر کو روکا۔ تلاشی کے دوران 125 کلو افیون اور 200 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم اقبال خان کو مزید تفتیش کے لیے منتقل کر دیا گیا۔

ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے پولیس ٹیم کی تعریف کی اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں نوشہرہ پولیس مقابلہ میں ایک منشیات فروش جاں بحق، دیگر فرار

دوسری جانب پشاور میں فقیر آباد پولیس نے بھی ایک بڑی کارروائی کی، جس میں دو خواتین کو گرفتار کیا گیا جو منشیات فروشی میں ملوث تھیں۔ خواتین کی شناخت مسمات اے اور مسمات بی کے طور پر ہوئی۔

ان خواتین نے بشیر آباد میں ایک مکان کرائے پر لے کر منشیات کی فروخت کی تھی، جہاں چھاپے کے دوران 10 کلو چرس برآمد کی گئی۔ دونوں خواتین پہلے بھی منشیات سے متعلق مقدمات میں گرفتار ہو چکی ہیں۔

ایس پی فقیر آباد ڈویژن سید طلال احمد شاہ نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Scroll to Top