بھارتی کرکٹ میں بدعنوانی کے ایک اور بڑے سکینڈل نے خبروں کی زینت بن کر سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
آسام کرکٹ ایسوسی ایشن (اے سی اے) نے مبینہ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں چار اہم کھلاڑیوں، امیت سنہا، ایشان احمد، امان ترپاٹھی اور ابھیشیک ٹھاکر پر کرکٹ کھیلنے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ سخت قدم جمعہ کو سید مشتاق علی ٹرافی 2025 کے دوران ان کھلاڑیوں کی سرگرمیوں کو مشکوک قرار دینے کے بعد اٹھایا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں شواہد ملے ہیں کہ مذکورہ کھلاڑی نہ صرف خود مشکوک سرگرمیوں میں ملوث تھے بلکہ وہ آسام ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی بدعنوانی میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسوسی ایشن نے ریاستی پولیس کی کرائم برانچ میں چاروں کھلاڑیوں کے خلاف باضابطہ ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔
قانونی کارروائی مکمل ہونے تک امیت سنہا، ایشان احمد، امان ترپاٹھی اور ابھیشیک ٹھاکر کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
معطلی کے بعد یہ کھلاڑی نہ صرف آسام کی سطح پر کسی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے بلکہ آسام کرکٹ ایسوسی ایشن، اس کی ضلعی اکائیوں یا کسی بھی الحاق شدہ کلب کے زیر اہتمام ہونے والے میچوں میں بھی کھیلنے سے محروم رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا
یہ اقدام بھارتی کرکٹ میں بدعنوانی کے خلاف ایک سخت پیغام سمجھا جا رہا ہے اور اس سے شائقین کرکٹ میں اس معاملے پر تشویش اور تجسس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔





