اشتہاریوں کی پاکستان واپسی کے لیے برطانیہ سے رابطے تیز کر دیے، طلال چودھری

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان، برطانیہ میں موجود اشتہاری پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ بیرون ملک موجود بعض یوٹیوبرز جھوٹا بیانیہ پھیلا رہے ہیں جنہیں عدالتوں نے جھوٹا قرار دے کر سزا بھی دی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ان افراد کی وجہ سے برطانیہ کی ساکھ پر بھی اثر پڑ رہا ہے اور پاکستان ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکومتی ادارے ان افراد کو واپس لانے کے لیے پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اب کچھ افراد نے اپنی سوشل میڈیا ویڈیوز حذف کرنا شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حال ہی میں برطانیہ کے دورے کے دوران اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں یہ معاملہ اٹھایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اے ٹی سی اسلام آباد نے وزیراعلی سہیل آفریدی ،مینا خان اور ڈاکٹر امجد کو اشتہاری قرار دیدیا

طلال چودھری نے کہا کہ برطانیہ کی اعلیٰ عدالتوں نے ان افراد کو جھوٹا قرار دیا اور ان کے خلاف فیصلے بھی سنائے ہیں۔

Scroll to Top