مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 14 سے 18 دسمبر کے دوران بارش اور برفباری کی پیش گوئی کردی ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے موسمی صورتحال سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ 18 دسمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں موسم سرد اور ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، کوہستان، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ 14سے 16دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی اور مغربی علاقوں پر اثر انداز ہوگا، جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی اور دھند کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش، جبکہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کوہستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور آزاد کشمیر کے پہاڑی خطوں میں بھی شدید برفباری متوقع ہے، جس کے نتیجے میں پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا امکان ہے۔

ادھر کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان کے چند علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس سے ٹریفک حادثات کا امکان بڑھ سکتا ہے۔ شمالی علاقوں میں متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام، سیاحوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top