چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا 16 دسمبر پر جذباتی پیغام، سانحہ اے پی ایس کی برسی پر شہداء کو خراج عقیدت، قوم کے زخم تازہ ہے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کی برسی کے موقع پر ایک جذباتی اور درد بھرے پیغام میں قوم کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا سیاہ اور دل دہلا دینے والا دن ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ اس ہولناک دہشت گردی کے واقعے کی یاد میں سر جھکاتے ہیں، جس میں معصوم بچوں کو بے دردی سے ہم سے چھین لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے اہل خانہ نے جو ناقابلِ بیان درد اور کرب سہا ہے، وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، اور پوری قوم غم، دکھ اور یکجہتی کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 16 دسمبر نہ صرف ایک المناک سانحہ ہے بلکہ یہ دن ہمیں دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کی یاد بھی دلاتا ہے۔ اس سانحے نے پوری قوم کو یکجا کر دیا اور یہ پیغام دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ہم سب ایک ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان معصوم جانوں اور ان تمام افراد کو سلام پیش کرتے ہیں جو اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے پر سیاسی اسکورنگ یا اختلافات کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی کے لیے تمام سیاسی اور سماجی قوتوں کو متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ایک پرامن اور محفوظ مستقبل دیا جا سکے۔
بیرسٹر گوہر کے اس درد بھرے پیغام نے ایک بار پھر قوم کے زخموں کو تازہ کر دیا اور سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی یاد میں ہر آنکھ کو نم کر دیا۔





