اسلام آباد ہائی کورٹ کی ویب سائٹ سے جسٹس طارق جہانگیری کا نام و تصویر ہٹا دی گئی

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کی آفیشل ویب سائٹ سے جسٹس طارق محمود جہانگیری کا نام اور تصویر ہٹا دی گئی ہے، جبکہ عدالت نے ڈویژن بنچ کی جانب سے کاز لسٹ اور نیا روسٹر بھی جاری کر دیا ہے۔

اب جسٹس طارق محمود جہانگیری کا نام سابق ججز کی لسٹ میں بھی شامل نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی نئی سینیارٹی لسٹ جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ تین روز قبل طارق جہانگیری کو فنانشل انسٹی ٹیوشن سے متعلق سپیشل بنچز میں شامل کیا گیا تھا، تاہم اب ان کی شمولیت ختم ہو گئی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے طارق محمود جہانگیری کے خلاف جعلی ڈگری کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بطور جج نااہل قرار دیا تھا۔

عدالت کے مطابق، طارق جہانگیری کے پاس جج تعیناتی کے وقت درست ایل ایل بی ڈگری موجود نہیں تھی اور ان کی بطور جج تعیناتی غیر قانونی تھی۔

عدالت نے وزارت قانون کو ہدایت دی تھی کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری کو بطور جج ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔ دوران سماعت کراچی یونیورسٹی کے رجسٹرار نے طارق جہانگیری کے امتحانی ریکارڈ کی تفصیلات پیش کیں، جبکہ ملزم عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : صدر زرداری نے ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کو ڈی نوٹیفائی کر دیا

رجسٹرار کے مطابق طارق محمود جہانگیری کو امتحان کے دوران نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا اور ایگزامنر کو دھمکیاں دینے کے باعث ان پر تین سال کی پابندی عائد کی گئی۔

مزید بتایا گیا کہ انہوں نے ایل ایل بی کے امتحانات جعلی انرولمنٹ فارم کے ذریعے دیئے اور مختلف مراحل میں اپنا نام اور ولدیت تبدیل کی۔ ایل ایل بی پارٹ ون میں ان کا نام محمد اکرم کے ولد طارق جبکہ پارٹ ٹو میں قاضی محمد اکرم کے ولد طارق محمود درج تھا، اور انرولمنٹ نمبر بھی جعلی تھا۔

اس اقدام کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی ویب سائٹ اور کاز لسٹ میں واضح تبدیلیاں کی گئی ہیں، جبکہ عدالت کی جانب سے طارق جہانگیری کی بطور جج شمولیت غیر قانونی قرار دی جا چکی ہے۔

Scroll to Top