لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکی نیشنل کرکٹ ٹیم کو مکمل سپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکا کرکٹ کی معطلی کے باوجود کھلاڑیوں کی تیاریوں میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی اور عالمی ایونٹس میں شرکت متاثر نہیں ہوگی۔
آئی سی سی کے مطابق امریکی انڈر 19 ٹیم، ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 اور لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے تیاریاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
اس حوالے سے آئی سی سی نے امریکا کرکٹ کا ہائی پرفارمنس پروگرام خود چلانے اور اس کے لیے براہِ راست فنڈنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ امریکی کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کی تنخواہیں براہِ راست ادا کی جائیں گی تاکہ ٹیم کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
اس کے علاوہ آئی سی سی اور امریکی اولمپک کمیٹی مل کر لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے مشترکہ منصوبہ تیار کریں گی۔
اعلامیے کے مطابق امریکا کی مرد و خواتین کرکٹ ٹیموں کے لیے مشترکہ ٹریننگ اور کوچنگ اسٹرکچر بھی تشکیل دیا جائے گا، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں بہتری اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیاری کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پرائیوٹ حج عازمین کے لئے بڑی خوشخبری
آئی سی سی نے امریکا کرکٹ میں گورننس کی بحالی کے لیے نارملائزیشن کمیٹی کو فعال کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
حکام کے مطابق معطلی کے دوران امریکا میں ہونے والے ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹس کی منظوری آئی سی سی خود دے گا تاکہ مقامی کرکٹ کا سلسلہ جاری رہے۔
واضح رہے کہ امریکا کرکٹ بورڈ اس وقت آئی سی سی کی جانب سے معطلی کا سامنا کر رہا ہے، تاہم اس اقدام کے باوجود امریکی ٹیموں کی بین الاقوامی سرگرمیاں اور بڑے ایونٹس کی تیاریاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔





