اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی شفیع جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اب اسٹریٹ موومنٹ کی طرف جا رہی ہے اور موجودہ حالات میں مزاحمت کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ اس بار احتجاج مکمل تیاری کے ساتھ کیا جائے گا اور ایک نیکسٹ لیول کی تحریک چلائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنوں اور قیادت کو متحرک کیا جا رہا ہے اور اسٹریٹ موومنٹ کی بھرپور تیاری جاری ہے۔
شفیع جان نے بتایا کہ 8 فروری کو پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد حکومت پر دباؤ بڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ تحریک کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی کے پاس ہے اور جب بھی تحریک کی کال دی گئی تو لاکھوں افراد سڑکوں پر نکلیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات صرف دو صورتوں میں ممکن ہیں، یا تو نئے عام انتخابات کا اعلان کیا جائے یا پھر پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت قیادت اور کارکنوں کی رہائی اور مبینہ جھوٹے مقدمات کے خاتمے پر بات کرنے کے لیے تیار ہوتی ہے تو پی ٹی آئی بھی مذاکرات کے لیے آمادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سرحدی بندش کے بعد افغانستان میں روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کو سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس سے سیاسی عمل متاثر ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سیاسی جماعتوں کو آزادی دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کارکن پُرامن احتجاج کے لیے تیار ہیں اور آنے والے دنوں میں سیاسی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔





