اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرنس نظام کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لیے ویزا کے حصول کے عمل کو شفاف، محفوظ اور آسان بنانا ہے۔
یہ منظوری منگل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق کابینہ نے نیشنل کینبیز کنٹرول اینڈ ریگولیٹری پالیسی 2025 کی بھی منظوری دے دی ہے۔
اس پالیسی کا مقصد ملک میں نباتاتی پودوں کے باقاعدہ اور ضابطہ شدہ استعمال کو فروغ دینا ہے، خاص طور پر فارماسوٹیکل اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں اس کے صنعتی استعمال کو وسعت دینا شامل ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ویزا کلیئرنس نظام کے تحت بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ایک منظم اور قابلِ اعتماد طریقہ کار فراہم کیا جائے گا، جس سے نہ صرف ویزا کے حصول میں آسانی پیدا ہو گی بلکہ سیکیورٹی خدشات کو بھی مؤثر انداز میں کم کیا جا سکے گا۔
وفاقی کابینہ نے اس موقع پر اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 18 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی، جن کا تعلق مختلف معاشی اور انتظامی امور سے تھا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی صورتحال پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ حکومت سیاسی ہم آہنگی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قانون اجازت دیتا ہے، پھر ملاقاتوں میں رکاوٹ کیوں؟ جنید اکبر
انہوں نے کہا کہ ذاتی حیثیت میں بھی وہ متعدد بار تمام سیاسی جماعتوں کو بات چیت کی پیشکش کر چکے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت مذاکرات کے عمل کو سنجیدگی سے آگے بڑھانا چاہتی ہے، تاہم کسی کو بھی مذاکرات کی آڑ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔





