پشاور : کرسمس کے موقع پر شہر بھر میں عوامی مقامات اور مذہبی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے حوالے سے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے سربراہ ڈاکٹر میاں سعید احمد نے رات گئے پشاور کا دورہ کیا اور حساس مقامات پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سی سی پی او نے کینٹ اور سٹی چرچز میں جاری مذہبی تقریبات کے منتظمین سے ملاقات کی اور سکیورٹی کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔
ڈاکٹر میاں سعید احمد نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ہمہ وقت الرٹ رہیں اور اپنی ڈیوٹی فرض شناسی کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری جواب دیا جا سکے۔
سی سی پی او نے واضح کیا کہ شہر کی حساس عبادت گاہوں اور دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کو کھیلوں کے ایک اور انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی مل گئی
اس موقع پر ایس پی کینٹ ڈویژن عبد اللہ احسان، ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان، اور ایس ڈی پی اوز بھی سی سی پی او کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا براہ راست جائزہ لیا۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرسمس کے موقع پر شہری ذمہ داری کے ساتھ رہیں، پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اہلکاروں کو دیں۔
پولیس نے یقین دلایا کہ شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے ہر ممکنہ انتظامات پہلے ہی مکمل کر لیے گئے ہیں اور شہری بغیر خوف کے اپنے مذہبی فرائض انجام دے سکتے ہیں۔





