اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بابائے قوم اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی جدوجہد، اصولوں اور وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ جمہوریت، انصاف اور برابری کے علمبردار تھے اور یہی اقدار پاکستان کے قومی سفر کا بنیادی ستون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کے اصول آج بھی ملک کی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور قومی اعتماد کے استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائداعظمؒ کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں قائداعظمؒ کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم کو پاکستان کے درخشاں مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اصول نہ صرف آج کی قوم بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظمؒ کی قیادت اور قربانیوں کی بدولت پاکستان وجود میں آیا اور انہی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، جمہوری اور فلاحی پاکستان کی تعمیر کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت عسکری قیادت کا بابائے قوم کو خراجِ تحسین
افواجِ پاکستان نے بابائے قوم اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور ان کی مثالی قیادت کو قوم اور مسلح افواج کے لیے آج بھی مشعلِ راہ قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افواجِ پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قائداعظمؒ کی بصیرت، اصول پسندی اور غیر متزلزل قیادت آج بھی قوم کی رہنمائی کر رہی ہے۔ ان کے افکار اور نظریات افواجِ پاکستان کے لیے حوصلہ اور رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس کے علاوہ ایئر چیف اور نیول چیف کی جانب سے بھی بابائے قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور قائداعظمؒ کے وژن سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افواجِ پاکستان قائداعظمؒ کے نظریات اور امنگوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
افواج نے ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔





