پاکستان آج ایک تاریخی موقع کی گواہ بنے گا جب متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر سرکاری دورے کے لیے پاکستان پہنچیں گے۔
دورہ دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر یو اے ای کا دورہ پاکستان کے اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
دورے کے دوران معزز مہمان صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور توانائی و ترقی کے منصوبوں پر بات چیت متوقع ہے۔
صدر یو اے ای کے دورے کے موقع پر اسلام آباد میں وفاقی اور سرکاری اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخواٰ سہیل آفریدی آج لاہور کے دورے پر روانہ ہوں گے
کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان سیکرٹریٹ اور تمام وفاقی ادارے آج بند رہیں گے، سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ آج کام نہیں کریں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس آج تعطیل پر رہیں گی، جبکہ وفاقی آئینی عدالت کی آج کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
تاہم شہری سہولیات کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اسپتال، بینک، پولیس، میٹروپولیٹن کارپوریشن، سی ڈی اے، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس کے دفاتر کھلے رہیں گے۔





