امریکا نے داعش کے ٹھکانوں پر طاقتور کارروائی کر کے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا

واشنگٹن: امریکا نے شمال مغربی نائجیریا میں داعش سے منسلک دہشتگردوں کے خلاف ایک طاقتور اور مہلک کارروائی کی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ امریکی محکمہ جنگ نے انتہائی درست اور کامیاب حملے کیے ہیں، جن میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق داعش اس علاقے میں مسیحی برادری کے خلاف نہایت بے رحمانہ کارروائیوں میں ملوث تھی، جن کی مثال صدیوں میں نہیں ملتی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تشدد کا یہ سلسلہ نہ رکا تو اس کے سخت نتائج برآمد ہوں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا مذہبی بنیادوں پر تشدد برداشت نہیں کرے گا اور بے گناہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

یہ امریکی کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند ہفتے قبل صدر ٹرمپ نے نائجیریا میں مسیحیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے الزامات کے بعد ممکنہ فوجی اقدامات کی منصوبہ بندی کی ہدایت دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : موسلا دھار بارشوں کے بعد کیلیفورنیا میں ہنگامی صورتحال، سیلاب سے دو افراد ہلاک

اسی تناظر میں امریکی محکمہ خارجہ نے حال ہی میں مسیحیوں کے خلاف تشدد میں ملوث نائجیرین افراد اور ان کے اہل خانہ پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب نائجیریا کی حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک میں سرگرم مسلح گروہ صرف مسیحیوں ہی نہیں بلکہ مسلم برادری کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔

نائجیرین حکام کے مطابق دہشتگردی ایک قومی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔

Scroll to Top