متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان کے پی اے ایف نور خان ایئربیس راولپنڈی پر پہنچنے پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء نے صدر کا شاندار استقبال کیا۔
صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان کی آمد کے موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
صدر یو اے ای کے دورے کے دوران وزیراعظم پاکستان سے ملاقات متوقع ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ عالمی اور علاقائی امور پر بھی بات چیت ہوگی۔
صدر شیخ محمد کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے اور انہیں نورخان ایئربیس پر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور ان کا کابینہ کے ارکان سے تعارف کروایا۔
استقبالیہ تقریب میں روایتی لباس میں ملبوس بچے دونوں ممالک کے جھنڈے لہراتے نظر آئے اور پاکستان کی ثقافت کے مختلف رنگ بھی نمایاں تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای اور پاکستان کے رشتے محض سفارتی نہیں، دلوں کے تعلقات ہیں، وزیراعظم
صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعزاز میں ہوائی اڈے پر ہونے والی اس پروقار تقریب نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔





