نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ نے شہریوں کے لیے شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات کو نہایت آسان بنا دیا ہے۔
اس ایپ کے ذریعے صارفین کو نادرا دفاتر کے چکر لگانے، قطاروں میں کھڑے ہونے یا طویل انتظار کی ضرورت نہیں رہتی، کیونکہ زیادہ تر سہولیات موبائل فون پر ہی دستیاب ہیں۔
پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری شناختی کارڈ، نائکوپ اور پی او سی کی تجدید یا ترمیم کی درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ خاندان کے افراد کی تفصیلات مفت دیکھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آئی ڈی والٹ کے ذریعے تمام ڈیجیٹل دستاویزات ایک ہی جگہ محفوظ رکھی جا سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ماہرین نے شوگر کنٹرول کا آسان طریقہ بتا دیا
ایپ پر ب فارم اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بنوانے کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ پاسپورٹ، جانشینی سرٹیفکیٹ اور اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی منتقلی کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
مزید برآں، پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کا اندراج کرایا جا سکتا ہے۔ شہری نادرا دفاتر میں اپائنٹمنٹ بک کر سکتے ہیں، قریبی رجسٹریشن مرکز کی لوکیشن اور متوقع انتظار کا وقت معلوم کر سکتے ہیں، درخواست کو ایگزیکٹو کیٹیگری میں تبدیل کر سکتے ہیں، جبکہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے جاری کردہ اسلحہ لائسنس اور پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سمیت متعدد دیگر خدمات بھی گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہیں۔





