قومی اسمبلی کے ترجمان نے اسپیکر کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کو ایک اور خط ارسال کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ خط سابق قائد حزب اختلاف کے خلاف زیر التوا مقدمات سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے اور اس نوعیت کا یہ چوتھا خط ہے۔ اس سے قبل اسی معاملے پر خطوط 19 نومبر، 5 دسمبر اور 19 دسمبر 2025 کو ارسال کیے جا چکے ہیں۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حالیہ خط میں سابق قائد حزب اختلاف کے خلاف درج مقدمات کی موجودہ قانونی صورتحال سے آگاہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے،کیونکہ قائد حزب اختلاف کی تقرری کے لیے یہ معلومات آئینی اور قانونی تقاضا ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بعض مقدمات میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ بھی فریق ہے، اور مطلوبہ معلومات موصول ہونے کے بعد قائد حزب اختلاف کی تقرری کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے گا۔





