بانی پی ٹی آئی مذاکرات نہیں چاہتے، اسٹریٹ موومنٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں، رانا ثناء

اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتے اور اسٹریٹ موومنٹ میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےرانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہم سے ہاتھ ملانا بھی گوارہ نہیں کرتے تھے۔

پلوامہ واقعے پر تشکیل دی گئی کمیٹی میں ہم سب شریک تھے، لیکن بانی پی ٹی آئی کا آنا گوارہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے اپنا مطالبہ آگے بڑھا رہی ہے اور مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ جو لوگ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے جائیں گے، انہیں اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے اپوزیشن لیڈرز کے حوالے سے کہا کہ ان کا معاملہ عدالت میں تھا اور اسپیکر سے بات ہوئی تھی۔ سنا ہے کہ فیصلہ ہو گیا ہے، اور فیصلے کی کاپی جیسے ہی اسپیکر کو ملے گی، کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سب کچھ کرنا چاہتی ہے لیکن اس کے پاس اس کے لیے مکمل صلاحیت نہیں ہے۔ تھوڑی بہت کوشش کرنے کی صورت میں بھی انہیں سختی سے روکا جائے گا۔ سہیل آفریدی کو اسلام آباد تک پہنچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ہلکی بارش اور بوندا باندی، سردی میں اضافہ

رانا ثناء اللہ نے خبردار کیا کہ شاید وزیراعلیٰ کے پی کا پشاور سے نکلنا بھی مشکل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ایجنسیز غافل نہیں بیٹھیں، اور حکومت کا ہوم ورک مکمل ہے۔

پی ٹی آئی اپنا ہوم ورک کر رہی ہے، اور جیسا ایکشن ہوگا، اس کے مطابق ری ایکشن بھی ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیاست ٹیبل پر بیٹھ کر ہوتی ہے اور احتجاج سیاست نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی تھوڑی بھی اپنی صلاحیت بروئے کار لائے گی تو اس کا سخت مقابلہ کیا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ کے بیانات میں واضح پیغام یہ بھی شامل تھا کہ پی ٹی آئی کے احتجاجی اقدامات اور اسٹریٹ موومنٹ کو محدود کرنے کے لیے حکومت مکمل تیار ہے اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top