اسپیکر ایاز صادق کی بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات، اہم گفتگو کیا ہوئی؟ جانیے

اسپیکر ایاز صادق کی بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات، اہم گفتگو کیا ہوئی؟ جانیے

اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق کی بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات، ڈھاکا میں مختصر مگر اہم گفتگو ہوئی ۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھارتی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے ملاقات ہوئی ہے۔ یہ ملاقات بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نمازِ جنازہ اور تعزیتی تقریبات کے موقع پر ہوئی، جہاں جنوبی ایشیا سمیت مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی رہنما شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات غیر رسمی مگر خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ اور مختصر گفتگو ہوئی۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے آگے بڑھ کر اسپیکر ایاز صادق سے مصافحہ کیا، جبکہ اس موقع پر دونوں شخصیات کے درمیان مسکراہٹوں اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

یہ غیر رسمی ملاقات ڈھاکا کے قومی پارلیمنٹ کمپلیکس میں اس وقت ہوئی جب مختلف ممالک کے نمائندے خالدہ ضیاء کے صاحبزادے اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان سے تعزیت کے لیے موجود تھے۔ اسپیکر ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ بھی اسی مقام پر موجود تھے۔

اگرچہ ملاقات کسی باضابطہ ایجنڈے کے تحت نہیں تھی، تاہم سفارتی حلقوں کے مطابق ایسے مواقع پر ہونے والا رابطہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اور سفارتی سطح پر روابط کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ مختصر نوعیت کی یہ گفتگو خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر خیرسگالی کے تبادلے تک محدود رہی۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے ڈھاکا پہنچے تھے۔ خالدہ ضیاء کے انتقال پر منعقدہ جنازے اور تعزیتی تقریبات میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش سمیت دیگر ممالک کی اعلیٰ شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیاسی و سفارتی ماہرین کے مطابق اس طرح کی غیر رسمی ملاقاتیں بسا اوقات سفارتی ماحول میں نرمی پیدا کرنے اور رابطوں کے دروازے کھلے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب علاقائی رہنما ایک ہی مقام پر موجود ہوں۔

Scroll to Top