پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میںتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر و لوئر، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، اپر و لوئر کوہستان، کولئی پالس، ملاکنڈ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، باجوڑ، مہمند، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، خیبر، کرم، اورکزئی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بارش اور بعض مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ اور گلیات کے علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار کا نظام سنبھال لیا
اتھارٹی نے مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاراچنار میں 13 ملی میٹر، چراٹ میں 9 ملی میٹر، میرکھانی اور دروش میں 8، تیمرگرہ میں 7، چترال اور اپر دیر میں 5، مالم جبہ اور تخت بھائی میں 4، پٹن میں 3، پشاور ایئرپورٹ میں 3 اور شہر میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کالام میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔





