میرعلی اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشتگرد ہلاک

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق میرعلی اور ملحقہ علاقوں میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 3 خارجی دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع سوراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 7 دہشت گرد ہلاک

ذرائع کا کہنا ہے کہ مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

کارروائی کے نتیجے میں ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top