پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک اہم فیصلے کے تحت گریڈ 19 کے آفیسر اور ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن سیاب احمد کو گریڈ 20 میں ترقی دے کر ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن پیسکو تعینات کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
سیاب احمد ایک نوجوان، محنتی اور باصلاحیت افسر ہیں، جو ضلع صوابی کے گاؤں کڈی کے ایک معزز اور تعلیم یافتہ گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے میٹرک کی تعلیم قائداعظم پبلک سکول زیدہ سے حاصل کی، جبکہ گریجویشن اسلامیہ کالج پشاور سے مکمل کی۔ مزید برآں، انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، اور الگونکوین کالج اوٹاوا، کینیڈا سے ہیومن ریسورس میں پروفیشنل ڈگری بھی مکمل کی ہے۔
سیاب احمد، معروف ماہر تعلیم اور پرنسپل ریٹائرڈ مرحوم فدا محمد کے فرزند ہیں، اور اپنی علمی و پیشہ ورانہ قابلیت کی بدولت پیسکو میں اہم عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔
صوابی کے عوام، عمائدین، سماجی و سیاسی شخصیات نے سیاب احمد کی اس شاندار ترقی پر دلی مسرت کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف صوابی بلکہ پورے صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے اور پیسکو کو اعلیٰ معیار تک پہنچانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ سیاب احمد کی ترقی صوابی کے لیے باعث فخر ہے اور نوجوان افسران کے لیے ایک مثبت مثال قائم کرتی ہے۔





