اسلام آباد: وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون بڑھانے اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے گریز انتہائی ضروری ہے اور تمام فریقین کو کسی بھی اشتعال انگیز اقدام سے پرہیز کرنا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ علاقائی تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاج چھٹے روز بھی جاری، سکول اور دفاتر بند
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھی خطے میں امن کے فروغ اور مشترکہ اقدامات کے لیے تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے باہمی رابطے اور سفارتی اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔





