پشاور گورنمنٹ کالج میں طلبہ کی ہنگامہ آرائی، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

کاشف عزیز
پشاور: پشاور کے گورنمنٹ کالج میں طلبہ کے درمیان ہنگامہ آرائی، لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کے واقعے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دو طالب علموں پر مبینہ حملے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی، جبکہ واقعے میں دونوں طلبہ زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق دونوں طلبہ کی جانب سے تھانہ فقیرآباد میں رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ طلبہ نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے ان پر لاتوں، مکوں، ڈنڈوں اور پستول کے بٹ سے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں ان کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر چوٹیں آئیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر طلبہ کو خوفزدہ کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ طلبہ کے بیانات کے مطابق واقعے کی وجہ مبینہ طور پر تنظیمی رنجش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد: ایمبولینس کی آڑ میں غیر قانونی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

پولیس نے جمال، اسماعیل، وحید سمیت 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دو طلبہ تنظیموں کے درمیان جھگڑے کے باعث جی ٹی روڈ اور اسمبلی چوک کے اطراف بھی صورتحال کشیدہ ہوئی تھی۔ احتجاج اور جھگڑے کے باعث پشاور کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا۔

پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top