شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ صفر، موٹروے پر ٹریفک کی آمدورفت معطل

پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے اور کم حدِ نگاہ کی وجہ سے موٹروے پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان کے میدانی علاقوں میں حدِ نگاہ انتہائی کم رہ گئی ہے۔

پنجاب میں بھی شدید دھند کے باعث موٹرویز کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے، ایم-2 لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم-3 فیض پور سے درخانہ تک، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک اور ایم-4 خانیوال سے ملتان تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہیں۔

موٹرویز کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔

موٹروے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ رات اور صبح کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کے روشن اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھند کا راج

ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور رہنمائی یا مدد کے لیے نیشنل ہائی وے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

Scroll to Top