قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا پہلا گروپ کولمبو پہنچ گیا، دیگر کھلاڑی آج روانہ ہوں گے

لاہور:قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا چار کھلاڑیوں پر مشتمل پہلا گروپ کولمبو پہنچ گیا ہے، جہاں ٹیم آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔

پہلے گروپ میں شاداب خان، رانا فہیم اشرف، وسیم جونیئر اور سلمان مرزا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، باؤلنگ کوچ ایشلے نوفکی، فیلڈنگ کوچ اور سپورٹ اسٹاف کے دیگر ارکان بھی کولمبو پہنچ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف کے ارکان آج سہ پہر لاہور سے کولمبو کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں مکمل اسکواڈ اکٹھا ہو کر ٹورنامنٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، تاہم پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔

دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سلمان اکرم راجہ کا بیرسٹر گوہر کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان، پارٹی مؤقف کے خلاف قرار دے دیا

بنگلادیشی بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں بورڈ آف گورنرز نے فیصلہ کیا کہ بنگلادیش کی قومی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اس فیصلے سے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ آئی سی سی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد اس معاملے پر اپنا مؤقف دے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل مختلف ٹیموں کے فیصلوں اور انتظامی معاملات کے باعث ٹورنامنٹ کے انتظامات اور شیڈول پر عالمی کرکٹ حلقوں کی گہری نظر ہے۔

Scroll to Top