محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کچھ علاقوں میں ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں شدید سردی کے ساتھ کہرا پڑنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، شمالی اضلاع میں شدید سردی متوقع ہے، جبکہ جنوب مغربی اضلاع جیسا کہ جیوانی، پسنی، اورماڑہ، کیچ اور تربت میں ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، اور سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام اور موہنجوداڑو میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں شدید ٹھنڈ پڑنے کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ، صوابی اور گرد و نواح میں بھی دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو سردی اور دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔





