دیربالا: دیر پشاور شاہراہ پر واڑی کے مقام پر گاڑی کا ٹائر پٹنے کے باعث ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک بچہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائیاں کیں اور زخمیوں کو واڑی ہسپتال منتقل کر دیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ گاڑی کے ٹائر پٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔ گاڑی تیمرگرہ سے شرینگل جا رہی تھی کہ اچانک ٹائر پھٹنے سے کنٹرول کھو گیا اور گاڑی سڑک کے کنارے گر گئی۔
حادثے کی شدت کے باعث متعدد مسافر زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک ہے، اور تمام زخمیوں کا ہسپتال میں طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ جائے وقوعہ پر ریسکیو ٹیموں کے ساتھ پولیس اہلکار بھی موجود ہیں اور حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دیربالا اور واڑی کے مقامی لوگ حادثے کے بعد ریسکیو اور ہنگامی سروسز کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : چترال میں مسافر گاڑی کو حادثہ، پاک فوج کی فوری کارروائی سے قیمتی جانیں بچ گئیں
جبکہ دوسری جانب پشاور سے چترال جانے والی فلائنگ کوچ کوراغ میں حادثے کا شکار، پاک فوج کی فوری کارروائی سے قیمتی جانیں بچ گئیں۔
پشاور سےچترال کے علاقے تورکھوجانے والی فلائنگ کوچ کوراغ کے مقام پر دریا کے کنارے حادثے کا شکار ہو گئی۔گاڑی میں کل 13 مسافر سوار تھے۔
حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے برفباری اور دشوار گزار راستوں کے باوجود ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں کی جانب سے زخمیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور وہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعدازاں زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بونی منتقل کیا گیا۔
پاک فوج کی جانب سے باقی مسافروں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کر کے گرم کپڑے اور چائے فراہم کی گئی۔عوام نے پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی پر شکریہ ادا کیا۔





