وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگئے۔ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور، وزیر اطلاعات اور دیگر اہم حکومتی عہدیداران بھی شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی زیر قیادت یہ وفد ڈاووس روانہ ہوا، جہاں وہ عالمی رہنماؤں کے غیر رسمی سیشنز میں شرکت کریں گے۔ اس دوران مختلف ممالک کے سربراہان، عالمی اداروں کے نمائندے اور بین الاقوامی شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اس موقع پر علاقائی اور عالمی امن، معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق اہم امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عالمی برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کریں گے، تاکہ ملک میں معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مثبت ماحول قائم کیا جا سکے۔
یہ دورہ پاکستان کے عالمی تعلقات کو مستحکم کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے، اور توقع ہے کہ اس کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔





