پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس میں بلدیاتی نمائندوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر عید تک بلدیاتی نمائندوں کے مسائل حل نہ ہوئے تو وہ خود گورنر ہاؤس کے باہر ان کے ساتھ دھرنا دیں گے۔
اپنے خطاب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں آل پارٹیز کانفرنس، علماء مشائخ کانفرنس اور کسان کنونشن کا انعقاد کیا جا چکا ہے، تاکہ تمام طبقات کے مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا، “آپ لوگ جہاں بھی بلائیں گے، میں حاضر رہوں گا۔ اگر وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی رکاوٹ آئی تو میں خود آواز بلند کروں گا۔”
انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ “میری دیکھا دیکھی وہ بھی جاگ گئے ہیں۔ اگر انہیں وفاق سے کوئی حمایت درکار ہے تو میں ان کا ساتھ دوں گا، لیکن وہ بھی بلدیاتی نمائندوں کو ان کا حق دینے کی یقین دہانی کرائیں۔”
یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبرپختونخوا کی وزیراعظم سے اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنے کی اپیل
فیصل کریم کنڈی نے بلدیاتی فنڈز کے شفاف استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ فنڈ عوامی فلاح کے بجائے کسی اور مد میں خرچ ہو جائے، جیسا کہ ماضی میں “این ایف سی کے لیے آیا فنڈ کسی اور جگہ استعمال ہوا تھا۔”
اپنے خطاب کے اختتام پر گورنر خیبرپختونخوا نے اعلان کیا کہ اگر عید تک بلدیاتی نمائندوں کے مسائل حل نہ ہوئے تو وہ خود گورنر ہاؤس کے باہر ان کے ساتھ دھرنا دیں گے۔