الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سالانہ مالی گوشوارے جمع کرانے پر خیبر پختونخوا اسمبلی کے تین معطل اراکین کی رکنیت بحال کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جن اراکین کی رکنیت بحال کی گئی ہے ان میں جنرل نشست سے پی کے 42 ایبٹ آباد ون کے رکن نذیر احمد عباسی اور پی کے 21 مردان ون سے منتخب رکن زر شید خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مخصوص نشست پر منتخب رکن صوبائی اسمبلی سید سونیا شاہ کی رکنیت بھی گوشوارے جمع کروانے کے بعد بحال کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے مقررہ وقت پر سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر خیبر پختونخوا اسمبلی کے 28 اراکین کی رکنیت معطل کی تھی جن میں 24 مرد اور 4 خواتین اراکین شامل تھیں۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اب بھی 25 اراکین اسمبلی نے اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے، جس کے باعث ان کی رکنیت تاحکمِ ثانی معطل رہے گی۔





