پشاور میں کافی عرصے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس نے شہریوں کے لیے خوشی کے لمحات پیدا کر دیے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش ہورہی ہے، جس سے موسم خوشگوار تو ہوا ہے لیکن سردی میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔شہریوں نے موسم کی تبدیلی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چائے خانوں اور کافی شاپس کا رخ کیا، جبکہ بازاروں اور سڑکوں پر بھی لوگ بارش کے مناظر سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ پشاور کے میدانی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے، جب کہ شمالی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردیوں کے موسم کا لطف دوبالا ہو گیا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس بارش کے باعث پشاور اور گرد و نواح میں موسم میں قدرے خوشگوار تبدیلی آئے گی، لیکن سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر احتیاط کریں اور شمالی علاقوں میں سفر کرتے وقت مناسب انتظامات کریں۔
اس دوران، مقامی انتظامیہ نے بھی ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ بارش اور برفباری کے دوران شہریوں کی سہولت اور حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔





