خیبرپختونخوا میں آج سے مزید بارشیں: کب تک جاری رہیں گی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

پشاور : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آج سے شدید بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جو 27 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں برفباری اور موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔

ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ناران، کاغان، کالام اور چترال میں برف باری کی وجہ سے سڑکیں بند ہو سکتی ہیں اور پھسلن کے باعث حادثات کا خطرہ ہے۔

حکام نے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔

بلوچستان میں بھی موسم کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری متوقع ہے، جبکہ گوادر، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مری جانے والے افراد کے لئے بڑی خوشخبری

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ سفر کرتے وقت احتیاط برتیں اور موسمی خطرات کو مدنظر رکھیں۔

بالائی اضلاع میں موجود سیاحوں اور مقامی عوام کو خاص طور پر لینڈ سلائیڈنگ، برفانی تودے اور سڑکوں کی پھسلن سے خبردار کیا گیا ہے۔

اس شدید موسم کی پیش گوئی کے پیش نظر انتظامیہ نے ہنگامی خدمات اور ریسکیو ٹیمیں الرٹ کر دی ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

Scroll to Top