پشاور: سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پشاور میں اہم سرکاری مقامات، حساس تنصیبات اور سرکاری دفاتر کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پابندی صرف حساس سرکاری تنصیبات اور دفاتر تک محدود نہیں ہوگی بلکہ ان کے اطراف اور قریبی مقامات کی ویڈیوز یا تصاویر بنانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
شہر کے مختلف مقامات پر شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے بورڈز بھی نصب کر دیے گئے ہیں، جن پر واضح طور پر ویڈیوز اور تصاویر بنانے کی ممانعت درج ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پشاور میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے نورستان سے متعلق افغان طالبان کے الزامات مسترد کر دیے
سیکیورٹی اقدامات کے تحت بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر غیر رجسٹرڈ مہاجرین کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔





