پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن، سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وادی تیراہ کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور موجودہ حالات میں ان کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرے گی۔
پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت عوام کی خدمت کرنے کی بجائے لمبی تان کر سو رہی ہے اور اپریشن کی اجازت دینے والے آج وادی تیراہ کے عوام سے آنکھیں پھیر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وادی تیراہ میں نقل مکانی کرنے والے لوگ شدید مشکلات اور برفیلے راستوں میں پھنسنے کے باوجود تنہا محسوس کر رہے ہیں، جبکہ اس شدید سردی میں بچوں کی اموات بھی رپورٹ ہو رہی ہیں۔
اس کے برعکس پی ٹی آئی کے صوبائی حکمران جلسے جلوسوں اور لوٹ مار میں مصروف ہیں اور عوام کے مینڈیٹ کا مذاق اڑا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے دعوے بے بنیاد، ان کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور ذاتی و سیاسی مفادات حاصل کرنا ہے، عطا تارڑ
سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور پریس کلب کے انتخابات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ جمہوری عمل سیاست دانوں کے لیے سبق آموز ہے، جہاں ووٹر صرف خدمت کرنے والوں کو ووٹ دیتے ہیں، نہ کہ الزام لگانے والوں کو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جہاں کہیں بھی آفات نے جنم لیا، پیپلز پارٹی کی قیادت اور سینیٹرز ہمیشہ وہاں موجود رہے اور عوام کی خدمت میں پیش پیش رہے۔
روبینہ خالد نے کہا کہ اس وقت بھی پیپلز پارٹی وادی تیراہ کے عوام کے ساتھ ہے اور انہیں اکیلا محسوس نہیں ہونے دیا جائے گا۔





