ضلع ٹانک کی سب ڈویژن جنڈولہ میں آج 25 جنوری صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، جس کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق جنڈولہ بازار بھی بند رہے گا اور عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔سرکاری ذرائع کے مطابق کرفیو کے دوران کوڑ قلعہ خرگئی سے لے کر جنڈولہ تک اور ضلع ٹانک سے جنوبی وزیرستان (اپر) کی سرحد تک کا راستہ مکمل طور پر بند رہے گا۔ متاثرہ راستے پر داخلہ سختی سے منع ہے اور صرف منظور شدہ ایمرجنسی کی صورت میں نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی سفر کے لیے متعلقہ شخص کو پولیس یا سیکیورٹی فورسز سے اجازت لینا ہوگی اور شناختی کارڈ یا دیگر ضروری کاغذات جمع کروانا لازمی ہوگا۔ کرفیو کے دوران منظور شدہ ایمرجنسی نقل و حرکت میں بھی افراد کو سیکیورٹی فورسز کے ہدایات کے مطابق گاڑی کے 50 میٹر پہلے روکنا ہوگا اور تمام افراد گاڑی سے اتر جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران کسی بھی غیر قانونی نقل و حرکت کی صورت میں ذمہ داری متعلقہ فرد پر عائد ہوگی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اور جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران حفاظتی انتظامات کو مزید مستحکم بنایا گیا ہے اور متعلقہ حکام ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔





