بونیر میں افسوسناک واقعہ، بالٹی میں گرنے سے 3 سالہ بچہ جاں بحق

شوکت بونیری

بونیر: بونیر کے علاقے بگڑہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پانی سے بھری بالٹی میں گرنے کے باعث 3 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو 1122 بونیر کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بچے کو طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی۔

ریسکیو اہلکاروں نے ضروری طبی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کو مزید طبی معائنے اور ضروری کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈگر منتقل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں : عطا تارڑ کا پشاور میں کارکنوں سے خطاب، خیبر پختونخوا سے تعلق برقرار رکھنے کا اعلان

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت شعبان ولد امرزو خان کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر 3 سال تھی۔

ابتدائی طور پر واقعے کو والدین کی مبینہ غفلت سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ تاہم واقعے کی مکمل نوعیت سے متعلق مزید معلومات متعلقہ حکام کی جانب سے سامنے آنا باقی ہیں۔

ریسکیو حکام نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا ہے کہ کم عمر بچوں کو پانی سے بھرے برتنوں اور دیگر ممکنہ خطرات کے قریب اکیلا نہ چھوڑا جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جاسکے۔

Scroll to Top