صوابی: موٹر وے ایم ون پر صوابی کے انبار انٹرچینج کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں پانچ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دس افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیاں پشاور سے اسلام آباد کی جانب جا رہی تھیں۔
حادثے کے باعث موٹر وے پر ٹریفک کی روانی کچھ دیر کے لیے متاثر رہی، تاہم ریسکیو اور موٹر وے پولیس کی کارروائی کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی۔
ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
موٹر وے پولیس نے ڈرائیوروں کو محتاط رہنے اور رفتار کی حد پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صوابی میں پیدا ہونیوالے نومولود 5 بچوں کے حوالے سے افسوسناک خبر آگئی
جبکہ دوسری جانب صوابی کے باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں بیک وقت پیدا ہونے والے پانچ نومولود بچے پانچ دن بعد انتقال کر گئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق یہ بچے قبل از وقت پیدا ہوئے تھے اور فوری طور پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ (NICU) میں منتقل کیے گئے تھے۔ پیدا ہونے والے بچوں میں ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل تھیں۔
بچوں کے والد محمد نوید ولد نصیر محمد کا تعلق زیدہ صوابی کے محلہ منصور خیل سے بتایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم کی فضا قائم ہو گئی اور اہلِ علاقہ نے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔





