لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا مقابلہ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں شائقینِ کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
سیریز کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری مکمل کر لی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم بدھ کے روز پاکستان پہنچی، جہاں سیریز کی ٹرافی کی باضابطہ رونمائی بھی کی گئی۔ ٹرافی کی تقریب میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے سیریز کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل یہ مقابلے ٹیم کے کمبی نیشن اور تیاریوں کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے پاکستان میں کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم پاکستانی شائقین کے سامنے کھیلنے کے لیے پُرجوش ہے اور ایک سخت مقابلے کی توقع ہے۔
ادھر آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں شریک پاکستانی ٹیم سپر 6 مرحلے کا دوسرا میچ کھیلنے کے لیے زمبابوے کے شہر بلاوایو پہنچ چکی ہے۔ قومی انڈر 19 ٹیم جمعے کے روز باقاعدہ ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔
پاکستانی انڈر 19 ٹیم سپر 6 مرحلے میں اپنا دوسرا اہم میچ یکم فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی، جس پر شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اوورسیز پاکستانیوں کے لیے گاڑی کی خرید و فروخت میں نئی سہولت متعارف
گرین شرٹس نے سپر 6 مرحلے کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے 111 رنز کا ہدف محض 17.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے ایک اور میچ میں آسٹریلیا انڈر 19 ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 22 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ایک طرف پاکستان اور آسٹریلیا کی سینئر ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہو رہا ہے، تو دوسری جانب انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی کرکٹ کا جوش اپنے عروج پر ہے، جس سے شائقین کو مسلسل دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔





