پشاور: چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سید شہاب علی شاہ کی ہدایات پر جامعہ پشاور میں انتظامی امور، سیکیورٹی نظام، ٹریفک کی روانی اور مجموعی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔
اسی سلسلے میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن عظیم اللہ محسود، ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور اپ لفٹ پروگرام انجینئر عدیل احمد، ڈائریکٹر پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ جامعہ پشاور کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران کمشنر پشاور ڈویژن نے جامعہ پشاور کے انٹری گیٹ پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور کیمپس کے مجموعی انتظامی، سیکیورٹی اور ٹریفک نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر طلبہ کو محفوظ، پُرامن اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمشنر پشاور ڈویژن نے جامعہ پشاور میں خستہ حال سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی فوری مرمت، نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے اور تمام متعلقہ محکموں کو اس ضمن میں جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ایس ایس پی سیکیورٹی نے کیمپس کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ جامعہ پشاور کی انتظامیہ نے انتظامی امور سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ریاض خان محسود نے واضح کیا کہ جامعہ پشاور کے انٹری گیٹ پر جاری تعمیراتی کام کو مقررہ وقت میں اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : کور کمانڈر کا جامعہ پشاور کا غیر معمولی دورہ، اہم ایشوز پر خصوصی خطاب
انہوں نے سیکیورٹی انتظامات مزید مضبوط بنانے، ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور طلبہ کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔
اس کے علاوہ کمشنر پشاور ڈویژن نے جامعہ پشاور میں واقع تاریخی عمارت خیبر ہاؤس کی تزئین و آرائش اور اس کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔
اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے تاکہ جامعہ پشاور میں جاری اصلاحاتی اور ترقیاتی اقدامات کو مؤثر انداز میں عملی جامہ پہنایا جا سکے۔





