عمران خان کو ہسپتال لے جانے کی خبر پر حکومت کا موقف سامنے آگیا

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ہسپتال لے جانے کی خبریں تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ اس معاملے میں سنسنی پھیلانے کی بجائے انتظار کیا جائے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے واضح کیا کہ حکومت خود اس خبر کی تصدیق یا تردید کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ خبر درست ثابت ہوئی تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ بانی پی ٹی آئی کو صحت کی جو بھی سہولیات درکار ہیں، وہ فراہم کی جا رہی ہیں۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان کی صحت اور زندگی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو باقی تمام قیدیوں سے بہتر اور زیادہ سہولیات دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے حالیہ اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے پاس اڈیالہ جیل کے باہر تھیٹر لگانے کے سوا کوئی کام باقی نہیںاور موجودہ صورتحال میں جیل حکام ملاقات کی اجازت دینے کے امکانات کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا: دو اہم رہنماؤں نے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ایک پروگرام میں بتایا تھا کہ ایک خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق عمران خان کو ہسپتال لے جایا گیا اور پھر واپس جیل منتقل کیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انہیں کس بیماری یا طبی حالت کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ معاملہ نہ صرف سیاسی حلقوں میں بلکہ عوامی سطح پر بھی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے، اور میڈیا رپورٹس میں مسلسل گردش کر رہا ہے۔

Scroll to Top