کولمبیا میں ایک چھوٹا طیارہ مشرقی سرحد کے قریب پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یہ پرواز کوکوٹا سے اوکانا جا رہی تھی اور طیارے میں کولمبیا کانگریس کے ایک نمائندے سمیت 13 مسافر اور 2 کریو ممبرز سوار تھے۔
ائیر ٹریفک کنٹرولرز نے بتایا کہ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ تاہم چند دیر بعد حکام نے تصدیق کی کہ طیارہ حادثے کا شکار ہو چکا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق خراب موسمی حالات کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے، لیکن اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
کولمبیا کے حکام نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور واقعے کے متاثرین کے لیے امدادی اقدامات کی یقین دہانی کروائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسپین میں ٹرین حادثہ، 21 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی
یاد رہے کہ کچھ قبل اسپین کے جنوبی علاقے میں ایک المناک ٹرین حادثے میں 21 افراد کی جان چلی گئی جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔
برطانوی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرین پٹری سے اُتر کر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی۔
ٹکر کے بعد دونوں ٹرینیں پٹری سے اُتر گئیں اور ان کو شدید نقصان پہنچا۔
حادثے کے نتیجے میں 21 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ زخمی ہونے والے 100 افراد میں سے 21 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
متاثرہ ٹرین میڈرڈ سے ہیولوا جا رہی تھی، جس کے ڈرائیور بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
اس حادثے کے وقت ایک ٹرین میں 300 سے زائد جبکہ دوسری ٹرین میں تقریباً 100 مسافر سوار تھے۔
حادثے کے فوراً بعد ٹرین آپریشن کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس بات کا پتا چلایا جا سکے کہ یہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا۔





