سہیل آفریدی نے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا ختم کر دیا

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ اور دیگر مرکزی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر دھرنا ختم کر دیا۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے فوری توجہ دلانے کے لیے شاہراہ دستور پر سپریم کورٹ کے لان میں دھرنا دیا تھا جس میں پی ٹی آئی کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین بھی شریک تھے۔

اس دوران وزیر اعلیٰ نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے تقریباً دس منٹ ملاقات کی اور بانی پی ٹی آئی کی صحت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

دھرنے کے دوران سیکیورٹی سخت کر دی گئی تھی اور علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے جیل میں ہونے والے معائنے کی تفصیلات اہل خانہ اور وکلا کو نہیں بتائی گئیں اور حکومت پانچ دن تک اس چیک اپ کی تصدیق کرنے سے انکاری رہی۔

انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ پمز ہسپتال میں کوئی ریٹینا اسپیشلسٹ موجود نہیں۔

Scroll to Top