شمالی وزیرستان میں قبائلی عمائدین کا اہم جرگہ، پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم

شمالی وزیرستان: شمالی وزیرستان میں ملک و مشران اور قبائلی عمائدین کا اہم جرگہ ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں پاک فوج کے زیر انتظام میراثاہ میں منعقد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی او سی میران شاہ میجر جنرل عادل افتخار نے جرگے کے شرکا کا استقبال کیا اور علاقے میں امن و خوشحالی کے لیے قبائلی عمائدین اور مشران کے اہم کردار کو سراہا۔

جرگے میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور شرکا کو دہشتگرد عناصر کی جانب سے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی ممکنہ کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔

جرگے میں خوارج کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں اور مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچانے کے خلاف لائحہ عمل اور عملی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

قبائلی عمائدین نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون اور شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جرگے کا اختتام قومی یکجہتی اور علاقے کی سلامتی کے لیے دعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔

اہم نکات:

میراثاہ میں ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے زیر انتظام جرگہ۔
دہشتگردی سے نمٹنے اور علاقے میں امن و خوشحالی کے لیے قبائلی عمائدین کا کردار سراہا گیا۔
خوارج کی کارروائیوں اور ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچانے کے خلاف مشاورت۔
قبائلی عمائدین نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

یہ جرگہ شمالی وزیرستان میں امن و استحکام کو مزید مستحکم کرنے اور دہشتگرد عناصر کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کی کوششوں میں اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: طلباء کو ISPR کی رہنمائی میں قلعہ بالا حصار کی تاریخ اور دفاعی اہمیت سے آگاہی دی گئی

 یاد رہے کہ کل پشاور میں خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے طلباء و طالبات نے آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام جاری ونٹر انٹرنشپ کے دوران تاریخی قلعہ بالا حصار کا دورہ کیا۔

انٹرنشپ کا آغاز 12 جنوری سے ملک بھر میں کیا گیا، جس میں کے پی کے کے طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انٹرنشپ کے دوران مختلف سیشنز اور اوٹ ڈور سرگرمیاں منعقد کی گئی ہیں، جن کا مقصد نوجوان نسل کو قومی سلامتی، تاریخ اور پاک فوج کے کردار سے آگاہ کرنا ہے۔

طلباء و طالبات نے قلعہ بالا حصار کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا اور قلعے کی تاریخی، دفاعی اور تہذیبی اہمیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ، میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے طلباء کے ساتھ خصوصی نشست بھی منعقد کی، جس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، درپیش چیلنجز اور پاک فوج و فرنٹیئر کور کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے طلباء کی دلچسپی کو سراہا اور ان کے سوالات کے مفصل جوابات دیے، جس سے شرکاء کو قومی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے گہرائی سے آگاہی حاصل ہوئی۔

Scroll to Top