بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کا صفایا، سکیورٹی فورسز نے 12 مختلف مقامات پر حملے کنٹرول کر کے 37 دہشتگرد ہلاک کر دیے

کوئٹہ، گوادر اور بلوچستان کے دیگر اہم علاقوں میں(فتنہ الہندوستان) دہشت گردانہ حملوں کی ایک منظم لہر کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ حکام کے مطابق صوبے کے 12 مختلف مقامات پر ہونے والے حملوں میں دہشت گردوں کو مکمل طور پر پسپا کر دیا گیا اور تمام علاقوں کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق صبح سویرے ہونے والے حملوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث ناکام ہو گئیں۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 37 بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گرد ہلاک جبکہ 10 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائیاں گزشتہ 48 گھنٹوں میں ہونے والے سکیورٹی آپریشنز کا حصہ ہیں جس میں مجموعی طور پر 51 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں، یہ تعداد آج مارے گئے 37 دہشت گردوں کے علاوہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ دہشت گرد بھارت کی سرپرستی اور افغانستان سے سہولت کاری کے تحت بلوچستان میں سرگرم تھے۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور منظم کارروائی کے باعث عوامی زندگی کو بڑے خطرے سے بچا لیا گیا۔ حکام نے مزید کہا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف ہٹ اینڈ رن آپریشنز جاری ہیں اور صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔

بلوچستان میں یہ کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، تیز حکمت عملی اور ملک کے تحفظ کے لیے عزم کی واضح تصویر پیش کرتی ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع سکیورٹی اداروں کو دیں۔

Scroll to Top